حکومتِ پنجاب نے خواتین کی معاشی خودمختاری اور باعزت روزگار کے فروغ کیلیے ایک اہم اقدام کرتے ہوئے ”ای لرن، شی ارن“ کے نام سے ڈیجیٹل اسکل پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
حکام کے مطابق اس منصوبے کے تحت 15 سے 35 سال کی عمر کی ہزاروں خواتین کو جدید ڈیجیٹل مہارتیں سکھائی جائیں گی۔ پروگرام کی مجموعی لاگت 70 کروڑ روپے رکھی گئی ہے اور اسے ایک سال میں مکمل کیا جائے گا۔
اس منصوبے کے تحت خواتین کو تین ماہ پر مشتمل آن لائن کورسز مفت فراہم کیے جائیں گے، جبکہ انہیں لیپ ٹاپ، انٹرنیٹ سہولت اور ماہانہ وظیفہ بھی دیا جائے گا تاکہ وہ باآسانی سیکھنے کے عمل میں شامل رہ سکیں۔
پروگرام میں ڈیجیٹل کسٹمر کیئر، گرافک ڈیزائننگ، ای کامرس اسٹور مینجمنٹ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور ورچوئل اسسٹنٹ سمیت دیگر جدید کورسز شامل ہوں گے، جن کا مقصد خواتین کو فری لانسنگ اور آن لائن روزگار کے قابل بنانا ہے۔