امریکا ایران ممکنہ مذاکرات: کئی ممالک کے وفود موجود، ریڈ زون مکمل سیل

image

اسلام آباد میں امریکا اور ایران کے ممکنہ مذاکرات کے پیش نظر سیکیورٹی کے سخت انتظامات بدستور جاری ہیں، جبکہ ریڈ زون کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق دو روز قبل امریکی مذاکراتی ٹیم اپنے سیکیورٹی آلات کے ساتھ سفارت خانے میں موجود ہے، جبکہ ترکیہ، مصر اور دیگر ممالک کے وفود بھی ریڈ زون کے اندر موجود ہیں۔ انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں نے ممکنہ خطرات کے پیش نظر ریڈ زون کو مکمل طور پر سیل کیا ہوا ہے۔

حکام کے مطابق توسیعی ریڈ زون کے بعض علاقوں میں بند کی گئی سڑکیں جزوی طور پر کھول دی گئی ہیں، تاہم حساس مقامات پر سیکیورٹی بدستور انتہائی سخت ہے۔

جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں میٹرو بس سروس، فیڈر روٹس اور بس اڈے آج بھی بند ہیں، جبکہ شہری بازار معمول کے مطابق کھلے ہوئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ڈھوکری چوک سے سرینا جانے والی سڑک بدستور بند ہے، زیرو پوائنٹ کے قریب سری نگر ہائی وے پر رکاوٹیں برقرار ہیں، جبکہ خیبر پلازہ کے قریب سے جناح ایونیو بھی ٹریفک کیلیے بند ہے۔

سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلیے اضافی نفری تعینات ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US