کراچی میں نماز جمعہ کے موقع پر پولیس ہائی الرٹ

image

ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے نمازِ جمعہ کے موقع پر شہر بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کرتے ہوئے خصوصی ہدایات جاری کردی ہیں۔

احکامات کے مطابق شہر قائد کے تمام مرکزی راستوں، مساجد اور امام بارگاہوں پر سادہ لباس اور باوردی پولیس اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات کی جائے گی۔ تمام تھانہ جات کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقامی سطح پر روابط کو مضبوط بناتے ہوئے نمازیوں کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنائیں۔

سیکیورٹی پلان کے تحت گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی پارکنگ کو عبادت گاہوں سے مناسب فاصلے پر رکھنے کا حکم دیا گیا ہے، جبکہ تمام سب ڈویژنل آفیسرز اور ایس ایچ اوز کو نماز کے اختتام تک فیلڈ میں موجود رہ کر خود نگرانی کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔ پولیس اہلکاروں کو سخت ہدایت دی گئی ہے کہ وہ دورانِ ڈیوٹی اپنا مقام کسی صورت نہ چھوڑیں۔

ایڈیشنل آئی جی نے واضح کیا ہے کہ فرائض میں غفلت یا لاپرواہی برتنے والوں کے خلاف سخت قانونی اور محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک شخص، لاوارث بیگ یا سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر مددگار 15 یا قریبی پولیس موبائل کو دیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US