شکست کی ذمہ داری کھلاڑیوں کے ساتھ مینجمنٹ پر بھی عائد ہوتی ہے، سہیل تنویر

image

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بالنگ کوچ سہیل تنویر نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم کی ہار کی ذمہ داری کھلاڑیوں کے ساتھ مینجمنٹ پر بھی عائد ہوتی ہے، کیونکہ ٹیم مشترکہ کوشش کرنے میں ناکام رہی اور صرف پیچز میں پرفارمنس دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ کبھی بیٹرز تو کبھی بالرز نے اچھا کھیل دکھایا لیکن تسلسل کی کمی رہی، تاہم جب تک ٹورنامنٹ میں امیدیں باقی ہیں، ہم جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے حالانکہ اب کوئٹہ کے آگے جانے کا انحصار دوسری ٹیموں کے نتائج پر ہے۔

سہیل تنویر کا مزید کہنا تھا کہ جدید کرکٹ میں بلے بازوں نے اپنی اسکلز کو بالرز کے مقابلے میں زیادہ بہتر کرلیا ہے اور اب ایسے بلے آچکے ہیں جن سے باؤنڈری لگانا آسان ہوگیا ہے، اس لیے بالرز کو ڈیتھ اوورز میں بہتری کے لیے اپنی صلاحیتوں پر کام کرنا ہوگا۔

کھلاڑیوں کے انتخاب کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی ایک میچ یا ایک ٹورنامنٹ کی بنیاد پر جج نہیں کرنا چاہیے بلکہ دو تین سال کی کارکردگی اور پاتھ وے کی بنیاد پر موقع دینا چاہیے۔

انہوں نے کوئٹہ کے محمد حمزہ اور پشاور زلمی کے علی رضا کو باصلاحیت قرار دیتے ہوئے خواجہ نافع کی شمولیت کو ٹیم پلان کا حصہ قرار دیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US