ایدھی یتیم خانے کی جھنجھوڑ دینے والی ویڈیو نے کئی سوال کھڑے کر دیے

image

ایدھی یتیم خانے کی جھنجھوڑ دینے والی ویڈیو نے کئی سوال کو جنم دیا ہے۔

"میں اس وقت ایک ایدھی چائلڈ ہوم میں موجود ہوں، اور جو کچھ میں نے یہاں دیکھا اس نے مجھے اندر تک ہلا کر رکھ دیا ہے۔ میں نے ان بچوں سے ملاقات کی، ان کے ساتھ وقت گزارا اور بات چیت کی۔ بظاہر نارمل نظر آنے والی ان زندگیوں کے پیچھے کئی چھپی ہوئی کہانیاں ہیں۔ یہ سب دیکھ کر میرا دل ٹوٹ گیا۔ ہم سمجھتے ہیں کہ شیلٹر ہومز میں بچے محفوظ ہوتے ہیں، لیکن ہمیشہ ایسا نہیں ہوتا۔ براہِ کرم ان کے لیے آواز اٹھائیں، کیونکہ وہ بھی محبت، عزت اور ایک نارمل زندگی کے حقدار ہیں۔"

پاکستان کے معروف یوٹیوبر طحہ اکرم نے ایک ویڈیو کے ذریعے ایک ایسے حساس مسئلے کو اٹھایا ہے جس نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی ہے۔ طنزیہ مزاحیہ ویڈیوز سے شہرت پانے والے طحہ اکرم نے اس بار ایک سنجیدہ موضوع پر بات کرتے ہوئے مبینہ طور پر ایدھی چائلڈ ہوم کی اندرونی صورتحال کو بے نقاب کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

انسٹاگرام پر شیئر کی گئی اس ویڈیو میں طحہ اکرم نہ صرف بچوں کے حالات بیان کرتے نظر آتے ہیں بلکہ ان کے چہروں اور جسموں پر موجود زخموں کا ذکر بھی کرتے ہیں، جس نے دیکھنے والوں کو سوچنے پر مجبور کر دیا ہے۔ ویڈیو کے سامنے آتے ہی صارفین کی بڑی تعداد نے تشویش کا اظہار کیا اور فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

ایدھی فاؤنڈیشن، جو کہ عبد الستار ایدھی کے قائم کردہ فلاحی ادارے کے طور پر دنیا بھر میں عزت کی نگاہ سے دیکھی جاتی ہے، ہمیشہ یتیم اور بے سہارا بچوں کے لیے محفوظ پناہ گاہ سمجھی جاتی رہی ہے۔ تاہم اس ویڈیو کے بعد کئی سوالات نے جنم لے لیا ہے کہ آیا واقعی ان مراکز میں بچوں کے ساتھ سب کچھ درست ہو رہا ہے یا نہیں۔

سوشل میڈیا پر اس معاملے پر بحث شدت اختیار کر چکی ہے، جہاں کچھ لوگ طحہ اکرم کے انکشافات کو سنجیدگی سے لے رہے ہیں جبکہ کچھ صارفین اسے ایک طرفہ مؤقف قرار دیتے ہوئے مکمل تحقیقات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

تاحال ایدھی فاؤنڈیشن کی جانب سے اس ویڈیو پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم عوام کی نظریں اب متعلقہ حکام پر مرکوز ہیں کہ وہ اس معاملے کی شفاف تحقیقات کر کے حقیقت کو سامنے لائیں، تاکہ اگر کہیں واقعی زیادتی ہورہی ہے تو اسے روکا جاسکے اور بچوں کو وہ تحفظ فراہم کیا جا سکے جس کے وہ حق دار ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US