وائٹ ہاؤس فائرنگ، ملزم نے حملے سے قبل گھر والوں کو کیا پیغام بھیجا؟

image

امریکی حکام کے مطابق کول ٹوماس ایلن نے وائٹ ہاؤس میں کورسپونڈینٹس ڈنر کے دوران فائرنگ سے تقریباً 10 منٹ قبل اپنے اہلِ خانہ کو ایک پیغام ارسال کیا تھا جس میں اس نے سیاسی اور انتظامی شخصیات کو نشانہ بنانے کے ارادے کا اشارہ دیا۔

نیویارک پوسٹ کے مطابق ملزم نے اپنے پیغام میں مختلف سماجی اور سیاسی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے سخت جذباتی اور اشتعال انگیز زبان استعمال کی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس کے پیغام سے اس کے مبینہ ارادوں کا ابتدائی اشارہ ملتا ہے۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے پولیس کو دیے گئے بیان میں سیکیورٹی انتظامات پر بھی سوالات اٹھائے اور دعویٰ کیا کہ موقع پر حفاظتی اقدامات ناکافی تھے۔ اس نے یہ بھی کہا کہ اگر کوئی غیر ملکی ایجنٹ ہوتا تو زیادہ خطرناک ہتھیار بھی اندر لے جایا جا سکتا تھا۔

حکام کے مطابق ملزم کے قبضے سے متعدد ہتھیار برآمد ہوئے تھے جن میں ہینڈ گنز اور شاٹ گن شامل ہیں، جبکہ وہ پہلے بھی شوٹنگ رینج میں مشق کرتا رہا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق اس واقعے کا ایران سے براہِ راست تعلق ثابت نہیں ہوا، تاہم تحقیقات جاری ہیں اور تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US