پاک فوج کے آرمی راکٹ فورس کمانڈ کا فتح-II میزائل سسٹم کا کامیاب تجربہ

image

راولپنڈی: انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کے مطابق پاک فوج کے آرمی راکٹ فورس کمانڈ نے مقامی طور پر تیار کردہ فتح-II میزائل سسٹم کا کامیاب تربیتی تجربہ کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اس تربیتی لانچ کا مقصد فوجی دستوں کی تربیت، مختلف تکنیکی پہلوؤں کی جانچ اور میزائل کے ذیلی نظاموں کی کارکردگی کا جائزہ لینا تھا، تاکہ درستگی اور بقا کی صلاحیت کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔

بیان کے مطابق میزائل جدید ایویونکس اور جدید نیویگیشنل نظام سے لیس ہے۔ اس موقع پر اسٹریٹجک پلانز ڈویژن، آرمی راکٹ فورس کمانڈ اور پاک فوج کے سینئر افسران کے علاوہ اسٹریٹجک اداروں کے سائنسدان اور انجینئرز بھی موجود تھے۔

فورم نے فتح سیریز کے اس مقامی میزائل کے کامیاب تجربے کو سراہتے ہوئے متعلقہ ماہرین کی پیشہ ورانہ مہارت کو خراج تحسین پیش کیا۔

صدرِ پاکستان، وزیراعظم، چیف آف ڈیفنس فورسز اور مسلح افواج کے سربراہان نے بھی میزائل کے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں، انجینئرز اور متعلقہ ٹیم کی تکنیکی مہارت، لگن اور عزم کو سراہا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US