وائٹ ہاؤس عشائیہ میں شاہ چارلس کے جملے، ڈونلڈ ٹرمپ پر ہلکا پھلکا طنز محفل کی توجہ کا مرکز

image

وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے برطانوی شاہی خاندان کے اعزاز میں ایک خصوصی عشائیہ منعقد کیا گیا جس میں خوشگوار مگر طنز سے بھرپور ماحول دیکھنے میں آیا۔

اس موقع پر برطانیہ کے بادشاہ شاہ چارلس سوم نے گفتگو کے دوران ہلکے پھلکے انداز میں ڈونلڈ ٹرمپ کے ایک پرانے بیان کا حوالہ دیا۔ ٹرمپ نے ڈیووس اجلاس میں کہا تھا کہ اگر امریکا دوسری عالمی جنگ میں شریک نہ ہوتا تو یورپ میں لوگ آج جرمن اور کچھ حد تک جاپانی زبان بول رہے ہوتے۔

شاہ چارلس نے اسی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے طنزیہ لہجے میں کہا کہ اگر برطانیہ اس وقت موجود نہ ہوتا تو ممکن ہے امریکا میں آج لوگ فرانسیسی زبان بول رہے ہوتے۔ ان کے اس جملے پر ہال میں موجود افراد نے مسکرا کر ماحول کو ہلکا کر دیا۔

شاہ چارلس نے اس موقع پر امریکا اور برطانیہ کے تاریخی تعلقات اور دوسری عالمی جنگ میں دونوں ممالک کے کردار کا ذکر بھی کیا۔ انہوں نے دوستی کی علامت کے طور پر ٹرمپ کو رائل نیوی کی ایک تاریخی آبدوز کی گھنٹی کا تحفہ پیش کیا اور مزاحیہ انداز میں کہا کہ جب بھی ضرورت ہو اس گھنٹی کو بجا دیا جائے۔

اس جملے نے محفل میں موجود شرکاء کو ہنسنے پر مجبور کر دیا اور عشائیہ ایک خوشگوار اور غیر رسمی ماحول میں اختتام پذیر ہوا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US