پاک-بھارت تنازع کے بعد چینی جنگی طیاروں کی عالمی فروخت میں ریکارڈ اضافہ

image

بھارت کے ساتھ مبینہ فضائی جھڑپوں میں پاک فضائیہ کی جانب سے چینی ساختہ طیاروں کے استعمال اور رافیل سمیت بھارتی جنگی طیاروں کے نقصان کے دعوؤں کے بعد چینی دفاعی صنعت کی عالمی سطح پر طلب میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ امریکی جریدے بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق اس صورتحال نے چینی طیارہ ساز کمپنیوں کی کارکردگی اور فروخت پر براہِ راست اثر ڈالا ہے۔

بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق چینی طیارہ ساز کمپنی اے وی آئی سی چینگڈو ایئرکرافٹ کارپوریشن کی رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں فروخت تقریباً دوگنی ہو گئی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ سال کمپنی کی مجموعی آمدنی میں 16 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 11 ارب ڈالرز تک پہنچ گئی، جبکہ کمپنی کا منافع 6.5 فیصد بڑھ کر اپنی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ریکارڈ کیا گیا۔

جریدے کے مطابق کمپنی کے سنگل انجن ملٹی رول J-10 لڑاکا طیارے گزشتہ سال مئی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی کشیدگی کے دوران استعمال کیے گئے۔ اس دوران دعویٰ کیا گیا کہ پاکستانی فضائیہ نے ان طیاروں کے ذریعے فرانسیسی ساختہ رافیل سمیت متعدد بھارتی جنگی طیارے مار گرائے تھے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ تنازع ان چند مواقع میں سے ایک تھا جہاں جدید چینی ہتھیاروں کا حقیقی جنگی حالات میں عملی تجربہ سامنے آیا۔ بھارتی حکام کی جانب سے بھی اس دوران طیاروں کے نقصان کا اعتراف کیا گیا تھا تاہم تباہ ہونے والے طیاروں کی حتمی تعداد کے بارے میں تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US