پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے ملک میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ اور مہنگی پیٹرولیم مصنوعات کے باعث ٹیلی کام سروسز میں ممکنہ تعطل کی روک تھام کے لیے اہم سفارشات تیار کرلی ہیں۔
پی ٹی اے کی جانب سے تجویز دی گئی ہے کہ ٹیلی کام انفراسٹرکچر کو فوری طور پر لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے اور موبائل ٹاورز کو ایکسپریس فیڈرز کے ذریعے بلاتعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ صارفین کو مسلسل سروس فراہم کی جاسکے۔
ادارے کا مؤقف ہے کہ طویل دورانیے کی لوڈشیڈنگ کے دوران صرف بیک اپ سسٹمز پر انحصار کرنا ممکن نہیں رہتا، جس کے باعث ٹیلی کام نیٹ ورکس متاثر ہوتے ہیں۔ پی ٹی اے نے اس مسئلے کے حل کے لیے صنعتی سطح پر ہم آہنگی اور حکومتی تعاون کو ناگزیر قرار دیا ہے۔
مزید برآں پی ٹی اے نے متعلقہ ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو ہدایت دینے کی سفارش کی ہے کہ وہ ایکسپریس فیڈرز کی فراہمی کو یقینی بنائیں تاکہ ملک بھر میں ٹیلی کام سروسز کا تسلسل برقرار رکھا جاسکے۔