آئی بی اے ٹیسٹ پاس امیدواروں کا کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ

image

آئی بی اے ٹیسٹ پاس ڈسٹرکٹ پولیس کانسٹیبل امیدواروں نے مطالبات کی منظوری کے لیے کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر اپنے حق میں نعرے درج تھے۔

احتجاج میں شریک امیدواروں کا کہنا تھا کہ انہوں نے آئی بی اے کا ٹیسٹ اور تمام مراحل کامیابی سے مکمل کیے، تاہم اس کے باوجود انہیں تاحال بھرتی کا عمل مکمل کرکے ڈیوٹی پر تعینات نہیں کیا گیا۔

مظاہرین نے حکومت سندھ اور متعلقہ پولیس حکام سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر میرٹ پر کامیاب ہونے والے تمام امیدواروں کو ان کا جائز حق دیا جائے اور تقرری کے احکامات جاری کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ طویل عرصے سے انتظار اور مسلسل نظرانداز کیے جانے کے باعث نوجوان شدید ذہنی اذیت اور بے روزگاری کا شکار ہیں۔

احتجاجی مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات فوری طور پر تسلیم نہ کیے گئے تو وہ اپنے احتجاج کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے سندھ اسمبلی اور سی ایم ہاؤس کے باہر بھی دھرنا اور احتجاج کریں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت اور متعلقہ اداروں پر عائد ہوگی۔ امیدواروں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اپنے حق کے حصول تک ان کی پرامن جدوجہد جاری رہے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US