امریکی صدر نے وائٹ ہاوس میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کسی صورت ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔
اپنے خطاب میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کی فوجی صلاحیت کو بڑی حد تک نقصان پہنچایا جا چکا ہے اور اب اس کے پاس مؤثر بحریہ، فضائیہ یا جدید ریڈار نظام موجود نہیں۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ سمندر میں 159 ایرانی جہاز تباہ کیے جا چکے ہیں، تاہم ساتھ ہی واضح کیا کہ وہ جنگ کے حامی نہیں اور جنگیں پسند نہیں کرتے۔
امریکی صدر نے کہا کہ ایران کو ایسے مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جن کا وہ تصور بھی نہیں کر سکتا جبکہ امید ظاہر کی کہ ایران سے متعلق تنازع ختم ہونے کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی آئے گی۔
چین سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے چینی صدر سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی اور کہا کہ ان کا ممکنہ دورہ چین نہایت اہم ہوگا۔