پاکستان اسرائیل کو کبھی تسلیم نہیں کرے گا، وفاقی وزیر مذہبی امور

image

وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان وہ واحد ملک ہے جس نے اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا اور نہ ہی کبھی کرے گا۔

یہ بات انہوں نے فلسطین کے اعلیٰ مذہبی وفد سے ملاقات کے دوران کہی جس میں ڈاکٹر محمود الہباش اور محمد احمد حسین شامل تھے۔ ملاقات میں غزہ کی صورتحال، باہمی تعلقات اور عالم اسلام کو درپیش چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے وفد کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی پاسپورٹ پر واضح درج ہے کہ یہ اسرائیل کے لیے قابل استعمال نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور اسحاق ڈار نے غزہ میں جاری مظالم رکوانے کے لیے بھرپور سفارتی کوششیں کی ہیں اور اقوام متحدہ میں بھی مؤثر آواز اٹھائی گئی ہے۔

سردار محمد یوسف کا کہنا تھا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ القدس فلسطین کا دارالحکومت ہو اور جلد وہ وقت آئے جب مسلمان مسجد اقصیٰ میں آزادی سے عبادت کر سکیں۔

اس موقع پر ڈاکٹر محمود الہباش نے پاکستان کے عوام کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات مضبوط ہیں جبکہ انہوں نے فلسطینی صدر کے متوقع دورہ پاکستان کا بھی عندیہ دیا۔

محمد احمد حسین نے کہا کہ امریکا کی جانب سے اسرائیل کی حمایت قابل مذمت ہے، تاہم پاکستان اور فلسطین کے درمیان بھائی چارے کا رشتہ مزید مضبوط ہو رہا ہے۔ملاقات میں طاہر محمود اشرفی، دیگر حکام اور پاکستان میں فلسطینی سفیر بھی شریک تھے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US