کراچی میں سماجی کارکن شیما کرمانی سمیت عورت مارچ کی کئی رہنماؤں کو حراست میں لے لیا گیا۔
سماجی کارکن شیما کرمانی کو کراچی پریس کلب کے قریب سے حراست میں لے لیا گیا۔ وہ عورت مارچ سے متعلق ایک پریس کانفرنس میں شرکت کے لیے وہاں پہنچی تھیں۔
رپورٹس کے مطابق شیما کرمانی کے ساتھ عورت مارچ کی رہنما شہزادی رائے سمیت مزید کئی کارکنوں کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں صورتحال کچھ دیر کے لیے کشیدہ رہی۔
تاحال حکام کی جانب سے گرفتاریوں کی وجوہات یا ان افراد کے خلاف درج مقدمات کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔
دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ ضیاءالحسن لنجار نے شیما کرمانی و دیگر خواتین کی گرفتاری کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی اور ایس ایس پی ساوتھ کو خواتین کی فوری رہائی کی ہدایت دی ہے۔