محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سندھ نے گاڑیوں کے مالکان کے لیے بڑی رعایت کا اعلان کرتے ہوئے گاڑیوں کی منتقلی (ٹرانسفر) کے لیے لازمی نادرا بائیو میٹرک تصدیق کی شرط میں 30 جون 2026 تک توسیع کردی ہے۔
صوبائی وزیر ایکسائز مکیش کمار چاؤلہ کی ہدایت پر محکمے کی جانب سے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اس خصوصی رعایت کے تحت اب گاڑی خریدنے والے افراد 30 جون 2026 تک فروخت کنندہ کی نادرا بائیو میٹرک تصدیق کے بغیر بھی اپنی گاڑی اپنے نام منتقل کروانے کے اہل ہوں گے۔ اس فیصلے کا مقصد گاڑیوں کی منتقلی کے عمل میں شہریوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ کرنا اور پرانی گاڑیوں کے ٹرانسفر کے عمل کو سہل بنانا ہے تاکہ مالکان قانونی تقاضے آسانی سے پورے کرسکیں۔
موٹر وہیکل رجسٹریشن کے حوالے سے دی جانے والی یہ رعایت فوری طور پر نافذ العمل ہوگی۔