190 ملین پاؤنڈ کیس، وکلا کو دلائل کا آخری موقع، سماعت 20 مئی تک ملتوی

image

اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی جانب سے دائر التوا کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت 20 مئی تک ملتوی کردی۔

نیب کی جانب سے اسپیشل پراسیکیوٹر جاوید ارشد اور رافع مقصود عدالت میں پیش ہوئے جبکہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر عدالت میں حاضر نہ ہوئے۔

سماعت کے دوران عدالت میں التوا کی متفرق درخواست پیش کی گئی جس پر نیب پراسیکیوٹر نے اعتراض اٹھاتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ملاقاتوں کا بار بار ذکر کیا جاتا ہے اس لیے ان ملاقاتوں میں ہونے والی گفتگو بھی عوام کے سامنے آنی چاہیے۔

اس موقع پر درخواست گزاروں کے وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ کیس عدالت میں چلنا ہے یا میڈیا میں۔ چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیے کہ چلیں اس بہانے آج شعیب شاہین کی آواز بھی سن لی۔

عدالت نے وکلا کو دلائل کے لیے آخری موقع دیتے ہوئے سماعت 20 مئی تک ملتوی کردی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ کیس کی حساس نوعیت کے باعث التوا کی درخواست منظور کی گئی ہے اور امید ہے آئندہ سماعت پر کارروائی آگے بڑھے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US