گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے ہیوسٹن میں معرکہ حق (بنیان مرصوص) کے ایک سال مکمل ہونے پر منعقدہ پروقار تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
اس تقریب میں اوورسیز پاکستانیوں، نامور کاروباری شخصیات اور کمیونٹی رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ معرکہ حق دنیا کی تاریخ کا عظیم معرکہ ہے جس میں پاکستان کی افواج نے تاریخی فتح حاصل کی، انہوں نے اس کامیابی پر وزیرِاعظم کی قیادت اور فیلڈ مارشل کی حکمتِ عملی کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ سید محمد نہال ہاشمی نے مزید کہا کہ یہ کامیابی پوری قوم کے اتحاد اور افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
گورنر سندھ نے اوورسیز پاکستانیوں کو ملک کا قیمتی سرمایہ اور حقیقی سفیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی جانب سے بھیجے جانے والے ترسیلاتِ زر ملکی معیشت کے استحکام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے تارکینِ وطن پر زور دیا کہ وہ زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے اور معاشی استحکام کے لیے اپنا تعاون جاری رکھیں۔ سید محمد نہال ہاشمی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دفاعی میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا ہے اور اب وقت کی اہم ضرورت معاشی خود انحصاری ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قومی اتحاد، محنت اور دیانتداری ہی پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کر سکتی ہے۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔