نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے امریکی تحویل میں موجود جہازوں پر سوار پاکستانی اور ایرانی شہریوں کی محفوظ واپسی کے لیے سنگاپور سے تعاون کی درخواست کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار نے سنگاپور کے وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور پاکستانی و ایرانی شہریوں کی واپسی کے لیے جاری کوششوں میں تعاون کی اپیل کی۔
نائب وزیراعظم نے بتایا کہ امریکی تحویل میں موجود جہاز سنگاپور کے قریب ہیں، جن پر 11 پاکستانی اور 20 ایرانی شہری سوار ہیں۔
دوسری جانب اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے بھی رابطہ کیا، جہاں دونوں رہنماؤں نے معاملے پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ایرانی شہریوں کی محفوظ واپسی کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرے گا، جبکہ اس معاملے پر امریکی حکام اور دیگر متعلقہ فریقین سے بھی مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے۔
نائب وزیراعظم نے اس موقع پر سنگاپور کی جانب سے تعاون اور حمایت کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ تمام شہریوں کی جلد اور محفوظ واپسی ممکن بنائی جائے گی۔