محکمہ موسمیات نے شمال مشرقی پنجاب میں 11 سے 13 مئی کے دوران شدید موسمی صورتحال کا الرٹ جاری کرتے ہوئے مختلف اضلاع میں خطرناک موسم کی پیش گوئی کردی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس دوران پنجاب کے مختلف علاقوں میں ”سپر سیل“ بننے کا امکان ہے، جس کے باعث موسم غیر معمولی شدت اختیار کر سکتا ہے۔
الرٹ کے مطابق لاہور، قصور، پتوکی، شیخوپورہ، اوکاڑہ، نارووال، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کی توقع ہے۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ بعض علاقوں میں ژالہ باری اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات بھی پیش آسکتے ہیں، جبکہ تیز آندھیاں کمزور انفراسٹرکچر اور کچی تعمیرات کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کردی ہے جبکہ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔