لاہور ہائی کورٹ کا اوورسیز پاکستانیوں کے حق میں اہم فیصلہ

image

لاہور ہائی کورٹ نے اوورسیز پاکستانیوں کی جائیداد سے متعلق مقدمات کے حوالے سے اہم فیصلہ سنا دیا ہے جس میں اسپیشل کورٹس کے دائرہ اختیار کو واضح کر دیا گیا ہے۔

عدالت کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں کی جائیداد سے متعلق تمام کیسز، جن میں قبضہ، ملکیت، وراثت، انتقال اور پاور آف اٹارنی شامل ہیں، اب اسپیشل کورٹس ہی سنیں گی۔ عدالت نے قرار دیا کہ سول اور اسپیشل کورٹس کے درمیان کیسز کو غیر ضروری طور پر منتقل کرنے کا عمل درست نہیں۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اوورسیز پراپرٹی ایکٹ کا مقصد بیرون ملک پاکستانیوں کو فوری اور مؤثر انصاف فراہم کرنا ہے اور ان کے زیرِ التوا کیسز خودکار طور پر اسپیشل کورٹس کو منتقل ہوں گے۔

لاہور ہائی کورٹ نے واضح کیا کہ اگر کسی کیس میں ایک فریق بھی اوورسیز ہو تو مقدمہ اسپیشل کورٹ کے دائرہ اختیار میں آئے گا، اور پہلے سے زیر سماعت کیسز کو دوبارہ دائر کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔عدالت نے تمام ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کو فیصلے پر فوری عمل درآمد کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US