راولپنڈی میں آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام معرکۂ حق بنیان المرصوص کی خوشیوں کے سلسلے میں لیاقت باغ سے مری روڈ تک ایک عظیم الشان ریلی نکالی گئی، جس میں طلبہ، اساتذہ، والدین اور مختلف نجی تعلیمی اداروں کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔
ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم اٹھا رکھے تھے جبکہ پاکستان زندہ باد اور قومی یکجہتی کے نعروں سے فضا گونجتی رہی۔ بچوں نے اپنے جوش و خروش اور ملی نغموں کے ذریعے وطن سے محبت اور اتحاد کا بھرپور اظہار کیا۔
اس موقع پر اساتذہ کا کہنا تھا کہ اس قسم کی مثبت سرگرمیاں نئی نسل میں حب الوطنی، نظم و ضبط اور قومی شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو قومی اقدار سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ریلی کے دوران شہریوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی شرکت کی اور پاک وطن سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔ بچوں کی پرجوش شرکت نے مری روڈ کو جشنِ پاکستان کا منظر پیش کر دیا۔