ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین پروفیسر مشرف علی راجپوت کی خصوصی ہدایت پر مختلف اسکولز ایسوسی ایشنز اور طلباء و طالبات کی سہولت کے لیے جماعت نہم کے آن لائن سالانہ امتحانات 2027 کے امتحانی فارم بغیر لیٹ فیس کے جمع کرانے کی تاریخ میں 9 نومبر تک توسیع کر دی گئی ہے۔
نئے شیڈول کے مطابق امتحانی فارم 24 اکتوبر سے 9 نومبر 2026 تک بغیر کسی لیٹ فیس کے 3,500 روپے فارم فیس کے ساتھ جمع کرائے جا سکیں گے۔ بورڈ انتظامیہ کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ اس کے بعد بغیر لیٹ فیس کی تاریخ میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی۔
ترجمان بورڈ کے مطابق آن لائن امتحانی فارم صرف الحاق شدہ نجی اسکولز جمع کروا سکتے ہیں۔ جبکہ سرکاری اسکولز، بلدیہ، میونسپل کارپوریشن اور محکمہ محنت کے ماتحت آنے والے اسکول امتحانی فارم بورڈ کے ایگزامینشن اسٹور سے بغیر کسی فیس کے حاصل کریں گے۔ یہ اسکول نئے شیڈول کے مطابق بورڈ میں جمع کروائے گئے انرولمنٹ فارم کی کاپی اور امتحانی فارم متعلقہ سیکشن سے تصدیق کرانے کے بعد کمرہ نمبر 4 میں جمع کرائیں گے۔
پرائیویٹ طلباء و طالبات بھی نئے شیڈول کے مطابق اپنے امتحانی فارم بورڈ سے ملحقہ نیشنل بینک، عسکری کمرشل بینک اور یونائیٹڈ بینک کے بوتھ یا برانچوں سے حاصل کر کے وہیں جمع کرا سکتے ہیں۔ پرائیویٹ امیدواروں کے لیے لازم ہوگا کہ وہ اپنے فارم متعلقہ سیکشن سے چیک کرانے کے بعد ہی بینک میں جمع کرائیں۔
لیٹ فیس کا شیڈول جاری کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ 10 نومبر سے 25 نومبر تک 500 روپے، 26 نومبر سے 10 دسمبر تک 800 روپے، 11 دسمبر سے 28 دسمبر تک 1,200 روپے، 29 دسمبر سے 12 جنوری 2027 تک 1,500 روپے، 13 جنوری سے 27 جنوری تک 1,800 روپے اور مقررہ آخری تاریخ گزرنے کے بعد 2,500 روپے لیٹ فیس کے ساتھ امتحانی فارم قبول کیے جائیں گے۔