لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد کے تعلیمی بورڈز نے انٹرمیڈیٹ پارٹ ون کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج جاری کردیے، تینوں بورڈز میں کامیابی کا تناسب تقریباً 58 سے 60 فیصد کے درمیان رہا۔
لاہور بورڈ کے مطابق گیارہویں جماعت کے امتحانات میں ایک لاکھ 65 ہزار 245 امیدواروں نے شرکت کی، جن میں سے 99 ہزار 191 امیدوار کامیاب قرار پائے جبکہ تقریباً 66 ہزار امیدوار امتحان میں کامیاب نہ ہوسکے۔ امتحان میں کامیابی کا تناسب 60 فیصد سے زائد رہا۔
گوجرانوالہ تعلیمی بورڈ کے تحت انٹرمیڈیٹ پارٹ ون کے سالانہ امتحانات میں ایک لاکھ 35 ہزار 983 امیدوار شریک ہوئے، جن میں سے 79 ہزار 85 امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔ بورڈ کے مطابق کامیابی کا مجموعی تناسب 58.16 فیصد رہا۔
دوسری جانب بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد نے بھی گیارہویں جماعت کے نتائج کا اعلان کردیا۔ امتحانات میں 15 ہزار 605 امیدواروں نے حصہ لیا جن میں سے 9 ہزار 233 امیدوار کامیاب جبکہ 6 ہزار 372 امیدوار ناکام رہے۔ فیصل آباد بورڈ میں کامیابی کا تناسب 59.17 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔