پاکستانی خلائی تحقیقاتی ادارے سپارکو نے ذی الحج 1447 ہجری کے چاند سے متعلق فلکیاتی پیشگوئی جاری کردی ہے، جس میں عیدالاضحیٰ کی ممکنہ تاریخ بھی بتائی گئی ہے۔
ترجمان سپارکو کے مطابق نیا چاند 17 مئی کو رات ایک بج کر ایک منٹ پر پیدا ہونے کی توقع ہے، جبکہ غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 18 گھنٹے 30 منٹ ہوگی، جو رویت کے لیے موزوں تصور کی جاتی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ساحلی علاقوں میں سورج غروب ہونے اور چاند ڈوبنے کے درمیان تقریباً ایک گھنٹے کا فرق متوقع ہے، جس کے باعث صاف موسم اور بہتر حدِ نگاہ کی صورت میں چاند نظر آنے کے امکانات کافی روشن ہیں۔
سپارکو کے مطابق اگر موسمی اور فلکیاتی صورتحال سازگار رہی تو یکم ذوالحج 18 مئی بروز پیر کو ہونے کا امکان ہے، جبکہ عیدالاضحیٰ 27 مئی بروز بدھ منائی جاسکتی ہے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ ذی الحج کے چاند کی حتمی رویت اور عید کی تاریخ کا باضابطہ اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے کیا جائے گا، جو ملک بھر سے موصول ہونے والی شہادتوں کی بنیاد پر فیصلہ کرے گی۔