بڑھتی آبادی قومی وسائل پر دباؤ اور ترقی کے لیے بڑا چیلنج ہے، وزیراعظم

image

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں بڑھتی آبادی اور اس سے پیدا ہونے والے مسائل کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں آبادی پر قابو پانے اور مؤثر قومی حکمت عملی تشکیل دینے پر غور کیا گیا۔

وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وسائل اور آبادی میں توازن ہی پائیدار ترقی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیزی سے بڑھتی آبادی قومی وسائل پر دباؤ بڑھا رہی ہے اور یہ ملکی ترقی کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے۔

وزیراعظم نے آبادی سے متعلق پالیسی سازی کے لیے قومی سطح پر ”نیشنل پاپولیشن کونسل“ قائم کرنے کا فیصلہ کیا اور اعلان کیا کہ وہ خود اس کونسل کی سربراہی کریں گے۔ کونسل میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد کشمیر اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان بھی شامل ہوں گے۔

شہباز شریف نے ہدایت کی کہ بڑھتی آبادی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے مؤثر، مربوط اور جامع قومی حکمت عملی تیار کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آگاہی مہم، صحت و تعلیم کی سہولیات میں بہتری اور متوازن ترقی کے ذریعے آبادی میں اضافے کی رفتار کو قابو میں لانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

وزیراعظم نے آبادی کے بہتر نظم و نسق کے لیے ”ہول آف دی گورنمنٹ اپروچ“ اپنانے کی ضرورت پر زور دیا اور ہدایت کی کہ عوامی آگاہی مہم میں علمائے کرام اور کمیونٹی رہنماؤں کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ملک میں آبادی کی شرح نمو 2.55 فیصد تک پہنچ چکی ہے، جو ایک سنجیدہ چیلنج کی صورت اختیار کر رہی ہے۔ بریفنگ میں کہا گیا کہ تمام صحت مراکز پر خاندانی منصوبہ بندی کی سہولیات کی فراہمی سے آبادی پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ سماجی تحفظ کے پروگراموں کو خاندانی منصوبہ بندی سے منسلک کرنے اور خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے سے بھی آبادی کے مسئلے پر قابو پانے میں اہم کردار ادا کیا جا سکتا ہے۔ حکام کے مطابق خاندانی منصوبہ بندی سے متعلق آگاہی مہم بھی جاری ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر قومی صحت سید مصطفیٰ کمال، وزیر مملکت برائے قومی صحت ملک مختار احمد اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US