ای کامرس اور آن لائن سرمایہ کاری کا جھانسہ دینے والے 4 غیر ملکی گرفتار

image

وفاقی دارالحکومت میں ای کامرس اور آن لائن سرمایہ کاری کے نام پر اربوں روپے کے مبینہ مالیاتی فراڈ کا انکشاف ہوا ہے، جہاں گولڈ بکس نامی کمپنی سے تعلق رکھنے والے چار چینی باشندوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ کمپنی خود کو بین الاقوامی ای کامرس اور آن لائن انویسٹمنٹ پلیٹ فارم ظاہر کرتی تھی اور شہریوں کو مختصر مدت میں بھاری منافع کا لالچ دے کر سرمایہ کاری پر آمادہ کیا جاتا تھا۔ کمپنی مختلف شہروں میں اپنے نیٹ ورک کے ذریعے آن لائن بزنس، ڈیجیٹل ٹریڈنگ اور ای کامرس کے نام پر ممبرشپ آفر کرتی رہی۔

متاثرین کا کہنا ہے کہ ابتدائی مرحلے میں کچھ سرمایہ کاروں کو منافع دے کر اعتماد حاصل کیا گیا، جس کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد نے لاکھوں اور کروڑوں روپے کی سرمایہ کاری کی۔ تاہم بعد ازاں کمپنی کے دفاتر اور آن لائن سسٹم اچانک غیر فعال ہونا شروع ہوگئے، جس پر سرمایہ کاروں کو مبینہ فراڈ کا شبہ ہوا۔

ذرائع کے مطابق صورتحال اس وقت کشیدہ ہوگئی جب متاثرین نے کمپنی سے وابستہ غیر ملکی چینی باشندوں کو گھیر لیا، جس کے نتیجے میں علاقے میں ہنگامہ آرائی کی کیفیت پیدا ہوگئی۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور حالات کو قابو میں لیتے ہوئے چار چینی باشندوں کو تحویل میں لے کر کوہسار تھانے منتقل کردیا۔

پولیس حکام کے مطابق گرفتار افراد کمپنی کے انتظامی معاملات سے منسلک تھے۔ واقعے کے بعد متاثرہ شہریوں کی بڑی تعداد تھانہ کوہسار کے باہر جمع ہوگئی اور احتجاج کرتے ہوئے اپنی رقوم کی واپسی اور ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔

متاثرین کا کہنا ہے کہ بعض افراد نے اپنی جمع پونجی، کاروباری سرمایہ اور قرض لے کر بھی کمپنی میں سرمایہ کاری کی تھی۔

پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں اربوں روپے کے مبینہ مالیاتی فراڈ کے شواہد سامنے آئے ہیں۔ کیس کی نوعیت سائبر اور آن لائن مالیاتی لین دین سے متعلق ہونے کے باعث گرفتار ملزمان کو مزید تحقیقات کے لیے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ کے حوالے کردیا گیا ہے۔

تحقیقاتی ذرائع کے مطابق ادارے کمپنی کے بینک اکاؤنٹس، آن لائن ٹرانزیکشنز، ڈیجیٹل ریکارڈ اور ممکنہ مقامی سہولت کاروں کی تفصیلات بھی حاصل کر رہے ہیں۔ حکام کو شبہ ہے کہ اس مبینہ نیٹ ورک میں بعض مقامی افراد بھی شامل ہوسکتے ہیں جنہوں نے کمپنی کی تشہیر اور سرمایہ کاری اکٹھی کرنے میں کردار ادا کیا۔

سیکیورٹی اور تحقیقاتی اداروں نے متاثرین سے اپیل کی ہے کہ وہ تمام دستاویزی شواہد، ٹرانزیکشن ریکارڈ اور کمپنی سے متعلق معلومات متعلقہ حکام کو فراہم کریں تاکہ تحقیقات کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US