منشیات کیس، انمول پنکی کی عدالت میں پیشی پر شور شرابہ، تشدد کا الزام

image

کراچی میں منشیات فروش گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی کو جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں پیش کر دیا گیا۔ملزمہ کو سخت سکیورٹی میں چہرہ ڈھانپ کر سٹی کورٹ لایا گیا جہاں اسے عدالت میں پیش کیا گیا۔

سماعت کے دوران ملزمہ نے شور شرابہ کرتے ہوئے کہا کہ اسے 22 دن سے حراست میں رکھا گیا ہے اسے لاہور سے گرفتار کر کے کراچی لایا گیا اور اس کے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے گئے ہیں۔ ملزمہ نے الزام عائد کیا کہ دورانِ حراست اس پر تشدد بھی کیا گیا۔

عدالت نے ملزمہ کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ عدالت میں اسے کسی قسم کا ہراساں نہیں کیا جائے گا اور اس کا مکمل مؤقف سنا جائے گا۔

انمول عرف پنکی نے عدالت میں مزید کہا کہ اس کے خلاف 20 سے 25 مقدمات درج کیے جا رہے ہیں اور اسے دباؤ میں لا کر اعتراف پر مجبور کیا جا رہا ہے۔

سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ 7 افراد گرفتار کیے جا چکے ہیں اور ملزمہ کی نشاندہی پر ریکوری جاری ہے، تاہم وہ تفتیش میں ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے۔

عدالت کے استفسار پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ کیس سے متعلق ابتدائی آرڈر پولیس موبائل میں موجود ہے، جس پر عدالت نے اظہارِ برہمی کیا۔

تفتیشی افسر نے مزید بتایا کہ ملزمہ ایک منظم گروہ کا حصہ ہے اس کے خلاف 3 مقدمات زیرِ تفتیش ہیں اور اس کے رابطوں سے متعلق ڈیٹا بھی حاصل ہوا ہے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ مبینہ طور پر 800 افراد کو منشیات سپلائی کی جاتی رہی ہے اور گینگ میں غیر ملکی افراد بھی شامل ہیں۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ملزمہ کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US