حکومت نے پاور سیکٹر میں بڑی پیش رفت کرتے ہوئے تین اہم ڈسٹری بیوشن کمپنیوں آئیسکو، گیپکو اور فیسکو کی جزوی سے مکمل نجکاری کا فیصلہ کر لیا ہے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت پاور سیکٹر سے متعلق کابینہ کی نجکاری کمیٹی کے اجلاس میں اس حوالے سے تفصیلی غور کیا گیا، جس میں ڈسکوز کی تنظیمِ نو اور شیئرز کی فروخت کے معاملات زیر بحث آئے۔
اعلامیے کے مطابق کمیٹی نے آئیسکو، گیپکو اور فیسکو کی ٹرانزیکشن اسٹرکچر کی منظوری دے دی ہے۔
فیصلے کے مطابق ہر ڈسکو کے 50 فیصد سے 100 فیصد تک شیئر کیپیٹل فروخت کرنے کی پیشکش کی جائے گی، جبکہ انتظامی کنٹرول اور شیئرز کی فروخت کابینہ کی حتمی منظوری سے مشروط ہوگی۔
حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد پاور سیکٹر میں کارکردگی بہتر بنانا، نقصانات میں کمی لانا اور اداروں کو مالی طور پر مستحکم بنانا ہے۔