عیدالاضحیٰ کے موقع پر موٹرویز پر جانوروں سے لدی گاڑیوں کے اسلام آباد میں داخلے پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔ ترجمان نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس کے مطابق یہ فیصلہ عوامی تحفظ اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ اوور لوڈ اور غیر فٹ گاڑیاں سنگین حادثات کا سبب بن سکتی ہیں، اس لیے جانوروں سے لدی گاڑیوں کو متبادل اور محفوظ راستوں پر منتقل کیا جائے گا۔
موٹروے پولیس کے مطابق ماضی میں ایسی گاڑیوں کے باعث موٹرویز پر متعدد خطرناک حادثات پیش آچکے ہیں، جبکہ پنجاب اور خیبرپختونخوا پولیس کو انٹری پوائنٹس پر چیک پوسٹس قائم کرنے کی ہدایات بھی جاری کردی گئی ہیں۔
حکام نے مویشی منڈیوں اور انٹرچینجز کے قریب غیر قانونی پارکنگ کے خلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ٹریفک قوانین اور لوڈنگ معیار کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ترجمان کے مطابق پابندی کا مقصد حادثات کی روک تھام اور موٹرویز پر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانا ہے۔