امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ جنگ بندی میں پاکستان کے سفارتی کردار کو عالمی سطح پر سراہا جارہا ہے۔ امریکی رکنِ کانگریس جیک بریگ مین نے وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے نام تعریفی خط ارسال کرتے ہوئے پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کی کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
خط میں کانگریشنل پاکستان کاکس کی جانب سے پاکستان کے مؤثر سفارتی کردار پر مخلصانہ تشکر اور مستقل قدردانی کا اظہار کیا گیا۔ امریکی رکنِ کانگریس نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے امریکا اور ایران کو مذاکرات کی میز پر لانا غیر معمولی ریاستی بصیرت کا مظہر ہے۔
جیک بریگ مین نے امن مذاکرات میں پاکستانی سیاسی و عسکری قیادت کی رہنمائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات دیرپا اسٹریٹجک اہمیت کے حامل ہیں، جبکہ وائٹ ہاؤس اور امریکی کانگریس بھی پاکستان کے سفارتی کردار کا کھل کر اعتراف کرچکے ہیں۔
انہوں نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ پاک امریکا اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے وہ جلد پاکستان کا دورہ بھی کریں گے۔