عالمی یومِ ٹیلی کمیونیکیشن و انفارمیشن سوسائٹی کے موقع پر گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنے خصوصی پیغامات میں ڈیجیٹل رابطوں اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔
گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے اپنے پیغام میں کہا کہ جدید ٹیلی کمیونیکیشن نظام نے دنیا کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل رابطے ملکی ترقی، تعلیم اور معیشت کے فروغ کے لیے ناگزیر ہیں، جبکہ پاکستان میں آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔
گورنر سندھ نے عزم کا اظہار کیا کہ حکومت جدید ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہی ہے اور وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو ڈیجیٹل اسکلز سے آراستہ کرنا اور عوام تک ڈیجیٹل سہولیات کی رسائی یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
دوسری جانب، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل رابطے ایک ترقی یافتہ سماج کی بنیاد ہیں۔ سندھ حکومت صوبے کے دیہی اور شہری علاقوں میں ڈیجیٹل سہولیات کی فراہمی کو ترجیح دے رہی ہے اور آئی ٹی و ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے جبکہ ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے تعلیم، صحت اور گورننس کے نظام کو مزید بہتر بنایا جاسکتا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے عالمی یومِ ٹیلی کمیونیکیشن پر ڈیجیٹل شمولیت اور نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کے عزم کی تجدید کی۔