پاکستان نے 2018 کے بعد ایک خوبصورت اور منفرد سیاحتی مقام کے طور پر دنیا بھر میں توجہ حاصل کرنا شروع کی، جب معروف غیر ملکی ٹریول وی لاگرز جیسے مارک وینز اور ٹریور جیمز سمیت کئی غیر ملکی سیاحوں نے پاکستان کا رخ کیا۔ ان سیاحوں نے پاکستان کے قدرتی حسن، سستے سفری اخراجات، مقامی کھانوں اور یہاں کے لوگوں کی بے مثال مہمان نوازی کو دنیا کے سامنے اجاگر کیا۔
وقت گزرنے کے ساتھ پاکستان دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے ایک پسندیدہ منزل بنتا گیا۔ غیر ملکی مسافر اکثر پاکستانیوں کے دوستانہ، مخلص اور ایماندار رویے کی تعریف کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ کئی سیاحوں نے اپنے تجربات میں بتایا کہ پاکستان میں انہیں نہ صرف عزت اور محبت ملی بلکہ اکثر مقامات پر مقامی لوگوں نے مفت کھانا اور دیگر سہولیات بھی فراہم کیں۔ دوسری جانب غیر ملکی سیاح بھی پاکستانی عوام کے لیے سخاوت اور ہمدردی کا مظاہرہ کرتے رہتے ہیں۔
حال ہی میں ایک غیر ملکی جوڑے نے ضلع قصور میں ایک غریب خاندان کی مدد کرکے سوشل میڈیا صارفین کے دل جیت لیے۔ رپورٹس کے مطابق یہ خاندان تقریباً 130 برس سے قرض کے بوجھ تلے دب کر جبری مشقت کرنے پر مجبور تھا۔ بتایا گیا کہ خاندان کے بزرگ نے کئی دہائیاں قبل ایک بھاری قرض لیا تھا، جس کے بعد نسل در نسل یہ خاندان قرض چکانے کے لیے بغیر اجرت اینٹیں بنانے کا کام کرتا رہا۔
یہ خاندان انتہائی سخت حالات میں زندگی گزار رہا تھا اور مسلسل محنت کے باوجود قرض ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا تھا۔ ایسے میں غیر ملکی جوڑے نے انسانیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے خاندان کا قرض ادا کر دیا، جس کے بعد جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے۔ ایک غریب خاتون اس موقع پر جذبات سے مغلوب ہو کر غیر ملکی شخص سے لپٹ کر روتی رہی اور اس کا شکریہ ادا کرتی رہی۔
سوشل میڈیا پر اس واقعے کو بڑے پیمانے پر سراہا گیا۔ بہت سے صارفین نے کہا کہ یہ لمحہ پاکستانی معاشرے کے لیے سوچنے کا مقام ہے کہ ایک غیر مسلم مغربی جوڑے نے انسانیت کی ایسی مثال قائم کی، جبکہ اسی معاشرے کے لوگ اکثر ایسے مجبور خاندانوں کی مشکلات سے بے خبر رہتے ہیں۔ کئی افراد نے اس عمل کو محبت، ہمدردی اور انسان دوستی کی خوبصورت مثال قرار دیا۔