پاکستان سمیت 10 ممالک کے وزرائے خارجہ کی اسرائیلی کارروائیوں کی مذمت

image

پاکستان، ترکیہ، بنگلا دیش، برازیل، کولمبیا، انڈونیشیا، اردن، لیبیا، مالدیپ اور اسپین کے وزرائے خارجہ نے غزہ کے لیے جانے والے “گلوبل صمود فلوٹیلا” پر اسرائیلی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ “گلوبل صمود فلوٹیلا” ایک پُرامن شہری اور انسانی ہمدردی پر مبنی اقدام تھا، جس کا مقصد فلسطینی عوام کو درپیش سنگین انسانی بحران کی جانب عالمی توجہ مبذول کرانا تھا، تاہم اسرائیل نے اس مشن کو نشانہ بنایا۔

وزرائے خارجہ نے بین الاقوامی سمندری حدود میں سابقہ فلوٹیلا مشنز پر اسرائیلی مداخلت پر بھی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہری جہازوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قانون اور بین الاقوامی انسانی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

اعلامیے میں فلوٹیلا میں شامل شہری شرکاء کی سلامتی اور تحفظ پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے گرفتار تمام کارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔ ساتھ ہی اس بات پر زور دیا گیا کہ ان کے حقوق اور وقار کا مکمل احترام یقینی بنایا جائے۔

مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ پُرامن انسانی ہمدردی کی سرگرمیوں پر مسلسل حملے اسرائیل کی جانب سے بین الاقوامی قوانین اور آزادیِ جہاز رانی کے اصولوں کو نظر انداز کرنے کا مظہر ہیں۔

وزرائے خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اپنی قانونی اور اخلاقی ذمہ داریاں ادا کرے، شہریوں اور انسانی مشنز کے تحفظ کو یقینی بنائے، اور ان خلاف ورزیوں کے خاتمے اور ذمہ داران کے احتساب کے لیے عملی اقدامات کرے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US