سندھ اسمبلی میں جیکب آباد کے ایک گاؤں میں پسند کی شادی کے تنازع پر مسلح افراد کے حملے اور گھروں کو آگ لگانے کے واقعے کے خلاف مذمتی قرارداد جمع کرادی گئی ہے۔
یہ قرارداد کراچی ایسٹ سے منتخب رکن صوبائی اسمبلی (ایم پی اے) محمد عامر صدیقی (PS-102) کی جانب سے سیکریٹری صوبائی اسمبلی سندھ کو پیش کی گئی ہے۔
قواعد کار صوبائی اسمبلی سندھ 2013 کے قاعدہ 124 کی ذیلی شق (1) کے تحت جمع کرائی گئی اس قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان جیکب آباد میں پسند کی شادی کے تنازع پر مسلح افراد کی جانب سے گاؤں پر حملہ کر کے گھروں کو آگ لگانے کے افسوسناک واقعے کی شدید مذمت کرتا ہے، جس کے باعث معصوم شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
قرارداد کے ذریعے مطالبہ کیا گیا ہے کہ واقعے میں ملوث تمام افراد کے خلاف فوری طور پر مقدمات درج کر کے انہیں گرفتار کیا جائے، واقعے کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
مزید برآں، قرارداد میں حکومت سندھ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ متاثرہ خاندانوں کے تباہ شدہ گھروں کو دوبارہ تعمیر کرایا جائے اور متاثرین کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے تاکہ وہ بحفاظت اپنے گھروں کو واپس جاسکیں۔
اس کے ساتھ ہی، علاقے میں صورتحال پر قابو پانے میں ناکام رہنے والے اور غفلت کے مرتکب پولیس و انتظامی افسران کے خلاف بھی سخت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔