کراچی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور کیمرہ چالان سے بچنے کے لیے گاڑیوں پر نمبر پلیٹ نہ لگانے کا ایک نیا رجحان سامنے آیا ہے، جس کی تازہ ترین مثال ایک ایسی گاڑی کی صورت میں دیکھنے کو ملی ہے جس پر نمبر پلیٹ غائب ہے اور اس کی جگہ پر واضح طور پر ”On Duty – Sindh Assembly“ (آن ڈیوٹی – سندھ اسمبلی) کا کاغذ چسپاں ہے۔
شہر میں جدید ترین سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے ای-چالاننگ (کیمرہ چالان) کا نظام فعال ہونے کے بعد، بعض بااثر اور سرکاری پروٹوکول سے وابستہ افراد کی جانب سے قانون سے بچنے کے لیے یہ انوکھا طریقہ اپنایا جارہا ہے۔ گاڑی پر آفیشل نمبر پلیٹ موجود نہ ہونے کے باعث ٹریفک مانیٹرنگ کیمرے گاڑی کی شناخت کرنے اور چالان جاری کرنے میں ناکام رہتے ہیں، جس کی وجہ سے ایسی گاڑیاں بغیر کسی جرمانے کے خوف کے کھلے عام سڑکوں پر گھومتی ہیں۔
اس صورتحال پر شہریوں کی جانب سے شدید تحفظات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ملک میں قانون کا اطلاق سب پر یکساں ہونا چاہیے اور اس میں کسی عام شہری یا سرکاری پروٹوکول والی گاڑی کے درمیان کوئی فرق نہیں ہونا چاہیے۔
شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ نمبر پلیٹ کے بغیر چلنے والی تمام گاڑیوں کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، چاہے ان کا تعلق کسی بھی بااثر طبقے یا سرکاری ادارے سے ہو۔