مریم نواز کی آذربائیجان میں سفارتی سرگرمیوں کے نتیجے میں پنجاب کے لیے نئی اقتصادی راہیں کھلنے لگیں، جہاں انہوں نے آذربائیجان کے وزیر اقتصادی امور Mikayil Jabbarov سے اہم ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران تجارت، سرمایہ کاری، شہری ترقی، زراعت، سیاحت اور انفرااسٹرکچر سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں فریقین نے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا، جس کی سربراہی سینئر وزیر مریم اورنگزیب کریں گی۔
ذرائع کے مطابق ورکنگ گروپ میں دونوں ممالک کے متعلقہ اداروں اور تکنیکی ماہرین کو شامل کیا جائے گا، جو مشترکہ منصوبوں اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے مواقع کا جائزہ لیں گے۔ ملاقات میں ترجیحی تجارتی معاہدے کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے آذربائیجان کے وزیر اقتصادی امور کو جلد پاکستان کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے کے اقتصادی تبدیلی کے ایجنڈے، اسپیشل اکنامک زونز، لینڈ یوز پالیسی اصلاحات اور پنجاب اکنامک ٹرانسفارمیشن پلان پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب صنعتی جدید کاری، برآمدات اور ویلیو ایڈیشن کی جانب تیزی سے پیش رفت کر رہا ہے۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے باہمی مذاکرات کو قابلِ عمل سرمایہ کاری منصوبوں میں تبدیل کرنے اور طویل المدتی اقتصادی شراکت داری کے فروغ پر اتفاق کیا۔