وزیراعظم شہباز شریف سے ایم کیو ایم وفد کی ملاقات، بجٹ تجاویز پیش

image

وزیرِاعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر برائے تعلیم اور کنوینر خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں متحدہ قومی موومنٹ کے وفد نے ملاقات کی۔

وفد میں ڈاکٹر فاروق ستار، ارکانِ قومی اسمبلی سید امین الحق اور جاوید حنیف شامل تھے، جبکہ ملاقات میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ بھی شریک ہوئے۔

ملاقات کے دوران وفد نے آئندہ وفاقی بجٹ کے حوالے سے ایم کیو ایم کی تجاویز وزیرِ اعظم کو پیش کیں۔ اس موقع پر وفاقی حکومت کے تحت سندھ اور کراچی میں جاری عوامی فلاحی منصوبوں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایم کیو ایم وفاقی حکومت کی ایک اہم اتحادی جماعت ہے، جس نے حکومت کے عوامی فلاح و بہبود سے متعلق ہر اقدام میں بھرپور تعاون کیا۔

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ایم کیو ایم کی جانب سے پیش کردہ بجٹ تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا جائے اور قابلِ عمل و جامع لائحہ عمل تیار کرکے پیش کیا جائے۔

ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US