پاسپورٹ فیس کی ادائیگی کیش لیس بنانے کے اقدامات پر پیشرفت کا جائزہ

image

ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت پاسپورٹ ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں اجلاس منعقد ہوا جس میں پاسپورٹ فیس کی وصولی کے مکمل کیش لیس نظام کے نفاذ پر اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں نیشنل بینک آف پاکستان، کاز کیش، ایزی پیسہ، نادرا اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزیراعظم پاکستان اور وفاقی وزیر داخلہ کے وژن کے مطابق پاسپورٹ فیس کی ادائیگی کو مکمل طور پر ڈیجیٹل اور کیش لیس بنانے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔ شرکاء کو اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا جبکہ نظام کے مؤثر نفاذ کے لیے آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈائریکٹر جنرل محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ شہریوں کو پاسپورٹ فیس کی ادائیگی کے لیے جدید، آسان اور شفاف سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ بینکوں میں طویل قطاروں سے بچا جاسکے اور پاسپورٹ کے حصول کا عمل مزید سہل بنایا جاسکے۔

اجلاس میں تمام اسٹیک ہولڈرز نے کیش لیس نظام کے جلد اور مؤثر نفاذ کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US