بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزاؤں کے خلاف اپیلوں کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہوئی، جہاں وکیل کی عدم دستیابی کے باعث کارروائی میں پیش رفت متاثر ہوئی۔
سماعت کے دوران عدالت کو بتایا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر علالت کے باعث پیش نہیں ہو سکے۔ پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ سلمان صفدر آنکھوں کے مرض میں مبتلا ہیں اور بیرونِ ملک علاج کے باعث کیس کی پیروی ممکن نہیں رہی۔
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیے کہ اگر سلمان صفدر دستیاب نہیں تو نیا وکیل مقرر کیا جائے، جبکہ آئندہ سماعت پر دلائل نہ دیے گئے تو قانون اپنا راستہ خود اختیار کرے گا۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ اپیلوں پر دلائل کا آغاز پہلے ہی ہونا چاہیے تھا اور کارروائی کو غیر ضروری تاخیر کا شکار نہیں ہونے دیا جائے گا۔
سماعت کے دوران یہ بھی بتایا گیا کہ وکالت نامے پر دستخط کے لیے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرائی گئی تھی، تاہم دستاویزات پر دستخط نہیں ہو سکے۔ اس پر عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو ہدایت کی کہ وکالت نامے پر دستخط کروا کر عدالت میں جمع کرائے جائیں۔
بعدازاں عدالت نے وکیل کی استدعا پر سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی اور آئندہ کارروائی میں دلائل کی تیاری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔