آئی ایم ایف کا پاکستان پر ٹیکس نیٹ میں توسیع اور معاشی اصلاحات کے تسلسل پر زور

image

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ اور پاکستان کے درمیان مالی سال 2026-27 کے بجٹ سے متعلق مذاکرات آئندہ دنوں میں بھی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ آئی ایم ایف نے پاکستان پر ٹیکس نیٹ میں توسیع، ٹیکس وصولی کے نظام کو مؤثر بنانے اور معاشی اصلاحات کے تسلسل پر زور دیا ہے۔

آئی ایم ایف مشن چیف ایوا پیٹرووا نے پاکستان کا دورہ مکمل ہونے پر جاری بیان میں کہا کہ آئی ایم ایف وفد نے پاکستانی حکام کے ساتھ حالیہ معاشی صورتحال، اصلاحاتی اقدامات اور مالی سال 2026-27 کے بجٹ حکمتِ عملی پر تفصیلی اور تعمیری مذاکرات کیے۔

بیان کے مطابق مذاکرات کے دوران مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے پاکستانی معیشت پر ممکنہ اثرات کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی (EFF) اور ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلٹی (RSF) کے تحت جاری اصلاحاتی ایجنڈے پر پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایم ایف کے مطابق پاکستانی حکام نے مالی سال 2027 میں جی ڈی پی کے 2 فیصد بنیادی بجٹ سرپلس کے ہدف کے حصول کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس مقصد کے لیے ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے، ٹیکس نظام میں بہتری، سرکاری اخراجات میں اصلاحات اور وفاقی و صوبائی سطح پر مالیاتی نظم و نسق مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے مہنگائی پر قابو پانے کے لیے سخت مانیٹری پالیسی برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا، جبکہ روپے کی قدر میں لچک کو معاشی جھٹکوں سے نمٹنے کے لیے اہم قرار دیا گیا۔

مذاکرات میں توانائی شعبے کی اصلاحات، سرکاری اداروں کی نجکاری اور بہتری، مالیاتی شعبے میں اصلاحات اور نجی سرمایہ کاری کے فروغ پر بھی گفتگو کی گئی۔ علاوہ ازیں آر ایس ایف پروگرام کے تحت ماحولیاتی خطرات سے نمٹنے، بجٹ منصوبہ بندی میں ماحولیاتی عوامل شامل کرنے اور بجلی سبسڈی اصلاحات کا جائزہ بھی لیا گیا۔

آئی ایم ایف مشن نے وفاقی اور صوبائی حکام کے تعاون، تعمیری روابط اور بہتر معاشی پالیسیوں کے عزم کو سراہتے ہوئے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US