جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں پاک فوج کے افسران اور جوانوں کو عسکری اعزازات دینے کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، NI (M)، HJ، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز نے تقریب کے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی اور شہداء کے اہل خانہ، افسران اور جوانوں کو ان کی شاندار خدمات اور آپریشنز میں بہادری کے اعتراف میں اعزازات سے نوازا۔
تقریب میں مجموعی طور پر 50 ستارہ امتیاز (ملٹری) اور 12 تمغہ بسالت کے اعزازات دیے گئے۔ شہداء کو بعد از وفات دیے جانے والے اعزازات ان کے اہل خانہ نے وصول کیے۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء اور غازی قوم کا فخر ہیں اور ان کی عزت و قربانی ہر پاکستانی کے لیے ایک مقدس امانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطنِ عزیز کا امن اور تحفظ ان عظیم قربانیوں اور فرض شناسی کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے شہداء کے اہل خانہ کے حوصلے، وقار اور استقامت کو بھی سراہا اور کہا کہ ان کی قربانیاں بے مثال ہیں۔
فیلڈ مارشل نے پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی آپریشنل تیاریوں اور دہشت گردی کے خلاف مسلسل جدوجہد کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے تک یہ جنگ قومی عزم کے ساتھ جاری رہے گی تاکہ ملک میں دیرپا امن و استحکام یقینی بنایا جاسکے۔