وزیراعظم سے پرنس رحیم آغا خان کی ملاقات، کئی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر گفتگو

image

وزیراعظم شہباز شریف نے پرنس رحیم آغا خان پنجم کے اعزاز میں خصوصی ناشتے کی تقریب کا اہتمام کیا، جو اُن کے پہلے سرکاری دورۂ پاکستان کے موقع پر منعقد کی گئی۔

وزیراعظم نے پرنس رحیم آغا خان پنجم کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے امن، استحکام اور حکومتوں و بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعمیری روابط کے فروغ کے عزم کو سراہا اور اس سلسلے میں پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے پاکستان اور آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو اجاگر کرتے ہوئے دیہی ترقی، صحت، تعلیم، آفات سے نمٹنے، ماحولیاتی تبدیلی، قابلِ تجدید توانائی، ڈیجیٹل مہارتوں اور نوجوانوں میں کاروباری صلاحیتوں کے فروغ میں ادارے کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

انہوں نے گلگت بلتستان اور چترال جیسے دور دراز علاقوں میں آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کے کردار کو خاص طور پر سراہا اور نیٹ ورک کو پاکستان میں اپنی سرگرمیاں مزید وسعت دینے کی ترغیب دی۔

وزیراعظم نے آغا خان یونیورسٹی کے ساتھ مزید تعاون کا خیرمقدم کرتے ہوئے صحت اور اعلیٰ تعلیم کے شعبوں میں اس کی خدمات کو بھی سراہا۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے، خصوصاً شمالی علاقوں میں گلیشیئرز کے تحفظ کے حوالے سے آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک ایک قابلِ اعتماد شراکت دار ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پرنس رحیم کا دورۂ پاکستان پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ ان کا دوسرا گھر رہے گا اور ان کے دورے پاکستان اور اسماعیلی برادری کے تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گے۔

اس موقع پر پرنس رحیم آغا خان پنجم نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور مختلف انسانی ترقی کے منصوبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US