بین الاقوامی مقابلوں میں ملک کے لیے متعدد میڈلز جیتنے والے نامور ریسلر طیب پہلوان نے ایشین گیمز کے ٹرائلز میں اپنی ویٹ کیٹگری شامل نہ کیے جانے پر اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔
پاکستان ریسلنگ فیڈریشن نے رواں سال جاپان میں شیڈول ایشین گیمز کے لیے ٹرائلز کے شیڈول کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت فیڈریشن کے زیرِ اہتمام 25 مئی کو لاہور میں چار مختلف ویٹ کیٹگریز (65، 74، 86 اور 97 کلو گرام) کے ٹرائلز لیے جائیں گے۔
طیب پہلوان نے ٹرائلز سے 120 کلو گرام کلاس کو ختم کرنے پر سخت احتجاج کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ وہ گزشتہ کئی ماہ سے ایشین گیمز کی تیاریوں میں مصروف ہیں اور اس اہم کیٹگری کو نکالے جانے پر انہیں شدید افسوس ہوا ہے۔
کامن ویلتھ، ساؤتھ ایشین، ورلڈ یونیورسٹی اور نیشنل گیمز میں میڈلز جیتنے والے طیب پہلوان نے وفاقی سیکریٹری آئی پی سی، ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ اور ریسلنگ فیڈریشن سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لے کر ان کی کیٹگری کو ٹرائلز کا حصہ بنائیں۔