قومی ایئرلائن نے قبل از حج آپریشن 2026 کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا، جس کے دوران 97 فیصد سے زائد پروازیں بروقت روانہ ہوئیں۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق 21 مئی کو قبل از حج آپریشن اپنے اختتام کو پہنچا، جبکہ رواں سال 210 پروازوں کے ذریعے 53 ہزار سے زائد عازمینِ حج کو حجازِ مقدس پہنچایا گیا۔
پی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ حج پروازوں کی بروقت روانگی کا تناسب مقررہ ہدف سے 7 فیصد زیادہ رہا جو قومی ایئرلائن کی بہتر منصوبہ بندی اور انتظامات کا مظہر ہے۔
ترجمان کے مطابق اسلام آباد، کراچی، لاہور، ملتان، فیصل آباد، سیالکوٹ اور کوئٹہ سے سعودی عرب کے لیے براہِ راست حج پروازیں آپریٹ کی گئیں۔
پی آئی اے نے بعد از حج آپریشن کے لیے بھی تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ بعد از حج فلائٹ آپریشن 30 مئی 2026 سے شروع ہوگا اور 30 جون 2026 تک جاری رہے گا۔