ترجمان دفتر خارجہ کی ہفتہ وار بریفنگ، پاک چین تعلقات، مشرق وسطیٰ، کشمیر پر اہم مؤقف

image

دفتر خارجہ کے ترجمان نے جمعرات کو ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران پاکستان کی سفارتی سرگرمیوں، پاک چین تعلقات، مشرق وسطیٰ کی صورتحال، کشمیر اور روس کے ساتھ اسٹریٹیجک مذاکرات سمیت مختلف اہم امور پر حکومت کا مؤقف پیش کیا۔

ترجمان نے بریفنگ کے آغاز میں عیدالاضحیٰ کی پیشگی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین اس سال سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں، جو دونوں ممالک کے درمیان اعتماد، باہمی احترام اور دیرینہ دوستی کا مظہر ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف 23 سے 26 مئی 2026 تک چین کا سرکاری دورہ کریں گے۔ دورے کے دوران وزیراعظم چینی صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ سے ملاقاتیں کریں گے۔ ملاقاتوں میں سی پیک، تجارت، سرمایہ کاری، صنعتی تعاون، زراعت، آئی ٹی اور سائنسی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوگا۔

ترجمان کے مطابق وزیراعظم دورے کا آغاز ہانگژو سے کریں گے جہاں وہ پاکستان چین بزنس ٹو بزنس سرمایہ کاری کانفرنس کی صدارت کریں گے۔ بیجنگ میں وزیراعظم پاک چین سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ چین کی نیشنل پیپلز کانگریس کے نائب چیئرمین کائی دافینگ کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی چینی وفد بھی اسلام آباد پہنچا، جس نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔

مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، مذاکرات اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ ہفتے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے دو ٹیلیفونک رابطے کیے، جن میں علاقائی صورتحال اور امن کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان نے بتایا کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی قطر، مصر اور ازبکستان کے وزرائے خارجہ سے الگ الگ رابطے کیے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے رواں ہفتے ایران کے دو اہم دورے کیے جہاں انہوں نے ایرانی قیادت سے ملاقاتیں کیں۔

ترجمان نے 17 مئی کو سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات پر ہونے والے ڈرون حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دونوں برادر ممالک کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین اور آئی اے ای اے کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

کشمیر کے حوالے سے ترجمان نے شہید میرواعظ مولوی محمد فاروق اور عبدالغنی لون کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔

ترجمان نے غزہ کے لیے جانے والے ”گلوبل صمود فلوٹیلا“ پر اسرائیلی حملوں کی بھی مذمت کی اور بتایا کہ تمام زیر حراست افراد بشمول سعد ایدھی بحفاظت استنبول پہنچ چکے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بنگلا دیش کے سینئر سرکاری افسران کا ایک وفد پاکستان بنگلہ دیش نالج کوریڈور پروگرام کے تحت پاکستان کا دورہ کر رہا ہے، جو 53 برس بعد اہم دوطرفہ تبادلوں کا حصہ ہے۔

روس اور پاکستان کے درمیان اسٹریٹیجک استحکام سے متعلق 16ویں مشاورتی اجلاس کے بارے میں ترجمان نے کہا کہ یہ اجلاس 18 مئی کو ماسکو میں منعقد ہوا، جس میں عالمی سلامتی، اسلحہ کنٹرول اور عدم پھیلاؤ کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک نے آئندہ اجلاس اگلے سال اسلام آباد میں منعقد کرنے پر اتفاق کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US