کراچی، قربانی کی آلائشیں ٹھکانے لگانے کے لیے 8 خندقیں کھودنے کا عمل جاری

image

عیدالاضحیٰ کے موقع پر قربانی کی آلائشوں کو محفوظ طریقے سے دفنانے کے لیے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نے تیاریاں تیز کردی ہیں۔

ترجمان سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے مطابق جی ٹی ایس شرافی، جام چاکرو اور گوند پاس لینڈ فل سائیٹس پر صفائی اور دفنانے کے انتظامات آخری مراحل میں داخل ہوچکے ہیں، جہاں آلائشوں کے لیے مجموعی طور پر 8 بڑی خندقیں کھودی جا رہی ہیں۔ عید کے دنوں میں صفائی ستھرائی کو برقرار رکھنے کے لیے اضافی عملہ، گاڑیاں اور سوزوکیاں متحرک رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے اور عملہ گھر گھر سے آلائشیں اٹھانے کے لیے گلی محلوں میں موجود رہے گا۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ تمام کلیکشن پوائنٹس پر چونے اور جراثیم کش ادویہ کا چھڑکاؤ لازمی کیا جائے گا، جبکہ شہریوں کو بائیوڈی گریڈایبل بیگز کلیکشن پوائنٹس سے بھی فراہم کیے جائیں گے۔

شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ آلائشوں کو تھیلیوں میں بند کر کے ہی عملے کے حوالے کریں۔ اس کے علاوہ، عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے تمام اضلاع میں شکایتی مراکز قائم کردیے گئے ہیں اور ہیلپ لائن 1128 کو 24 گھنٹے فعال رکھا جائے گا جبکہ شہری اپنی شکایات کے لیے "سندھ سالڈ ویسٹ منیجمنٹ ایپ" کا استعمال بھی کرسکتے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US