وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شاہراہِ بھٹو (ملیر ایکسپریس وے) منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پورے پاکستان کو مبارکباد دی اور کہا کہ آج محترمہ بینظیر بھٹو کا دیکھا گیا خواب پورا ہوگیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نام سے منسوب یہ عظیم الشان سڑک 6 لین اور 6 انٹرچینجز پر مشتمل ہے، جس کی لمبائی تقریباً 40 کلومیٹر ہے اور آج اس کا ایم نائن (M-9) تک افتتاح کردیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس منصوبے کو ساڑھے چار سال میں مکمل کیا گیا ہے جس کے بعد اب کراچی سے جامشورو، سکھر، خیرپور اور پنجاب جانے والے مسافر اس سڑک کے استعمال سے اپنا ایک گھنٹہ بچا سکیں گے، جبکہ منصوبے کے دوران ملیر کے رہائشیوں کو کوئی پریشانی نہیں ہونے دی گئی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے تقریب کے دوران قیوم آباد سے پورٹ تک ایک نئے منصوبے کا افتتاح بھی کیا اور عزم ظاہر کیا کہ اگلے ڈھائی سے تین سال میں یعنی آئندہ انتخابات سے قبل اسے مکمل کرلیا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ کراچی کی ہیوی ٹریفک شاہراہِ بھٹو پر منتقل ہونے سے شہر کے ٹریفک کے مسائل نمایاں حد تک کم ہوں گے، اور یہ منصوبہ لیاری ایکسپریس وے سے چھ گنا بڑا ہے۔ مراد علی شاہ نے چیلنجنگ حالات میں کام کرنے پر محکمہ بلدیات اور فنانس کی کارکردگی کو سراہا اور مخالفین کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو پیپلز پارٹی سے امیدیں وابستہ ہیں، اسی لیے کراچی میں 1700 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے جاری ہیں اور شہر میں ترقی کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے گا۔