سوئی سدرن گیس کمپنی کے ترجمان کے مطابق نیپا فلائی اوور کے قریب بی آر ٹی روٹ پر ٹرانس کراچی کی درخواست پر 20 انچ قطر کی ہائی پریشر گیس پائپ لائن کی لوئرنگ کا کام آج ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب انجام دیا جائے گا، جس کے باعث شہر کے متعدد علاقوں میں گیس کی فراہمی عارضی طور پر معطل رہے گی۔
15 دن میں دوسری مرتبہ کی جانے والی پائپ لائن کی اس لوئرنگ کا کام شیڈولڈ شٹ ڈاؤن کے تحت رات 10:00 بجے سے صبح 5:00 بجے تک مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی، تاہم تکنیکی نوعیت کے پیشِ نظر مرمتی سرگرمیاں اتوار کی صبح 8:00 بجے تک بھی جاری رہ سکتی ہیں۔
اس تکنیکی کام کے دوران گلشنِ اقبال کے تمام بلاکس، پی آئی بی کالونی، جمشید روڈ، لائنز ایریا، پی ایچ ایس سوسائٹی، صدر، کھارادر کے بعض علاقے، لیاری، گارڈن اور اس کے اطراف کے علاقوں میں گیس کی فراہمی معطل رہے گی، جبکہ لیاقت نیشنل اسپتال، آغا خان اسپتال اور کراچی سینٹرل پرزن سمیت دیگر اہم صارفین بھی اس بندش سے متاثر ہوں گے۔ اس کے علاوہ سائٹ انڈسٹریل ایریا میں گیس کے کم پریشر کا سامنا ہوسکتا ہے۔
سوئی سدرن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کام کی تکمیل کے فوراً بعد صارفین کو مطلع کرکے متاثرہ علاقوں میں گیس بحال کردی جائے گی۔