فیلڈ مارشل عاصم منیر کا اہم سرکاری دورہ ایران مکمل ہوگیا جس میں خطے میں کشیدگی میں کمی اور امن کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی اعلیٰ سطح کی ملاقاتوں میں فریقین کے درمیان حتمی مفاہمت کی جانب حوصلہ افزا پیش رفت ہوئی ہے۔
ایران پہنچنے پر فیلڈ مارشل کا استقبال ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے سینئر سول و عسکری حکام کے ہمراہ کیا۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایرانی اعلیٰ قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں جن میں خطے کی صورتحال، کشیدگی میں کمی اور جاری ثالثی کوششوں کو آگے بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان ، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تمام ملاقاتیں مثبت اور تعمیری ماحول میں ہوئیں اور ان کا مقصد 8 اپریل کی جنگ بندی کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی کو کم کرنا اور تعمیری روابط کو فروغ دینا تھا۔
ایرانی قیادت نے خطے میں پرامن حل کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے ثالثی کوششوں کو مؤثر قرار دیا۔