راولپنڈی میں الیکٹرک بس منصوبے کی انتظار گاہوں کو کروڑوں مالیت کا نقصان

image

راولپنڈی میں شہریوں کو جدید اور کم خرچ سفری سہولت فراہم کرنے کے لیے قائم کیے گئے الیکٹرک بس منصوبے کی انتظارگاہوں کو نامعلوم افراد نے نقصان پہنچا دیا، جس کے باعث کروڑوں روپے مالیت کی سرکاری املاک متاثر ہوئیں۔

میونسپل کارپوریشن حکام کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں قائم 49 الیکٹرک بس اسٹاپس پر توڑ پھوڑ کی گئی۔ راول روڈ، ٹیپو روڈ، لیاقت باغ، مری روڈ، اصغر مال، ڈبل روڈ، صادق آباد، پیرودہائی اور گنجمنڈی سمیت متعدد مقامات پر نصب سائن ایجز، موٹوز اور دیگر تنصیبات کو رات کی تاریکی میں نقصان پہنچایا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ان بس اسٹیشنز پر حکومت پنجاب کا لوگو اور وزیراعلیٰ پنجاب کی تصاویر بھی آویزاں تھیں، جنہیں بھی نقصان پہنچایا گیا۔

میونسپل آفیسر انفراسٹرکچر رفاقت گوندل کے مطابق شہر میں مجموعی طور پر 80 الیکٹرک بس اسٹیشنز تعمیر کیے جانے تھے جن میں سے 70 پہلے ہی نصب کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہر اسٹیشن کی لاگت تقریباً 9 لاکھ روپے ہے جبکہ مجموعی نقصان کا تخمینہ 4 کروڑ روپے سے زائد لگایا گیا ہے۔

واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے میونسپل کارپوریشن نے پولیس کو کارروائی کے لیے مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی جبکہ پولیس مختلف پہلوؤں سے واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US